Monday, December 1, 2025
HomeUrdu StoriesProf.Dr Riaz Hussain Qureshi جو کرتے ہیں دنیا میں محنت زیادہ

Prof.Dr Riaz Hussain Qureshi جو کرتے ہیں دنیا میں محنت زیادہ

Prof.Dr Riaz Hussain Qureshi

جو کرتے ہیں دنیا میں محنت زیادہ

از جاوید امتیازی

Prof.Dr Riaz Hussain Qureshi جو کرتے ہیں دنیا میں محنت زیادہ

Click Here To Read In English 

پروفیسر ڈاکٹر ریاض حسین قریشی

محنت، لگن اور مسلسل کوشش وہ اوصاف ہیں جن کے بل بوتے پر انسان اعلیٰ مراتب اور سنہری کامیابیاں حاصل کرتا ہے۔ بڑے آدمیوں کے کارناموں اور حالاتِ زندگی کا مطالعہ ہم سب کے لیے نہ صرف سبق آموز ہوتا ہے بلکہ آگے بڑھنے کا حوصلہ اور ولولہ عطا کرتا ہے۔ دور افتادہ علاقوں اور نامساعد حالات میں پرورش پانے والی ہزاروں ایسی محنتی اور اولوالعزم شخصیتوں کے ذکر سے ہماری ملکی تاریخ روشن و منور ہے جنہوں نے اپنی اعلیٰ خدمات اور صلاحیتوں کی بدولت ملک و ملت کو ہر میدان میں کامیابی و خوشحالی سے سرفراز کیا۔ مشہور ماہرِ تعلیم اور عالمی شہرت یافتہ زرعی سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر ریاض حسین قریشی کا شمار بھی ایسی ہی بلند مرتبت شخصیتوں میں ہوتا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر ریاض حسین قریشی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ہیں۔ آپ تحصیل کھاریاں، ضلع گجرات کے ایک چھوٹے سے گاؤں پنجوڑیاں میں پیدا ہوئے۔ آپ شروع ہی سے محنتی اور مطالعہ کے شوقین تھے۔ یہی وجہ تھی کہ آپ میٹرک کے امتحان میں اپنے سکول میں اوّل آئے۔ میٹرک کے بعد آپ نے زرعی یونیورسٹی میں داخلہ لیا اور بی۔ ایس سی اور پھر ایم۔ ایس سی میں یونیورسٹی بھر میں دوم پوزیشن حاصل کی۔ 1969ء میں آپ نے یونیورسٹی آف ویلز برطانیہ سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ آپ نے اپنی زندگی کے چالیس سال تدریس و تحقیق میں صرف کیے اور زراعت کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ آپ نے خاص طور پر شور زدہ زمینوں کی اصلاح کو اپنی تحقیق کا محور و مرکز بنایا اور اس میں آپ کو عالمی سطح پر بہترین سائنسدان تسلیم کیا گیا۔

آپ کی شبانہ روز محنت و کاوش سے ملک کی شور زدہ اور بنجر زمین ایک بار پھر سونا اگلنے لگی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ زیرِ کاشت رقبے کا تقریباً 60 سے 70 فیصد حصہ جو کبھی ناقابلِ کاشت تصور کیا جانے لگا تھا، ایک بار پھر آپ کی محنت اور گراں قدر تحقیق کی بدولت لہلہاتے ہوئے کھیتوں میں تبدیل ہو گیا۔ آپ کی اس عظیم کامیابی کو سراہتے ہوئے حکومتِ پاکستان نے آپ کو 1997ء میں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا۔ اس سے قبل آپ کو 1994ء میں بورلاگ ایوارڈ، 1992ء میں سر ولیم رابرٹ شیلڈ، 1987ء میں نیشنل فارم گائیڈ گولڈن اسٹار، 2000ء میں گولڈن اسٹار ایوارڈ اور آغا حسن عابدی ایوارڈ برائے بہترین سائنسدان عطا کیا گیا۔ آپ کو ملک بھر کے زرعی سائنسدانوں میں نمایاں اور سرفہرست قرار دیا گیا ہے جس کے صلے میں آپ کو ریسرچ پیداواری الاؤنس کا حق دار ٹھہرایا گیا۔

پروفیسر ڈاکٹر ریاض حسین قریشی ملکی اور عالمی سائنسی انجمنوں اور سوسائٹیوں میں بھی منفرد مقام رکھتے ہیں۔ آپ سوائل سائنس سوسائٹی پاکستان کے صدر ہیں۔ آپ آٹھ برس تک پاکستان ایگری کلچرل سائنس کے مجلہ کے چیف ایڈیٹر بھی رہے۔

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں بھی آپ بہت اہم عہدوں پر متمکن رہے اور گراں قدر خدمات سر انجام دیتے رہے اور بالآخر آپ 2000ء میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے اہم عہدہ پر تعینات کیے گئے۔ آپ نے وائس چانسلر کا چارج سنبھالتے ہی طلبہ اور اساتذہ کو اعتماد میں لے کر بعض بنیادی تبدیلیوں کا آغاز کیا اور یونیورسٹی میں سائنس کلچر کو فروغ دیا۔ طلبہ میں ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیا اور یوں طلبہ تعلیم و تحقیق کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیوں میں بھی اپنا لوہا منوا رہے ہیں۔ علم و تحقیق کے میدان میں اعلیٰ خدمات اور محنت و لگن کے ساتھ ساتھ تعلیم و تدریس کے حوالے سے آپ کو یونیورسٹی کا سرسید کہنے میں کوئی مبالغہ نہیں۔

ساتھیو! بابائے قوم کے زریں فرمان کام، کام اور کام پر کاربند ہونے والا یہ ذہین و فطین بچہ جو ایک دور افتادہ گاؤں میں پیدا ہوا، آج ایشیا کی ایک بہت بڑی یونیورسٹی کا سربراہ ہے اور تاریخ میں اپنی خداداد صلاحیتوں، بےپایاں محنت، جانفشانی اور لگن سے اپنا نام رقم کروا چکا ہے۔

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

یہ مضمون اصل میں رسالہ تعلیم و تربیت، اکتوبر 2003 میں شائع ہوا تھا۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Advertisingspot_img

Popular posts

My favorites

I'm social

0FansLike
0FollowersFollow
0FollowersFollow
0SubscribersSubscribe